جمعرات 13 فروری 2025 - 11:55
کوئی بھی طاقت فلسطینی عوام کو ان سرزمین چھوڑنے پر مجبور نہیں کر سکتی: جامعۃ الازہر مصر

حوزہ/ جامعۃ الازہر نے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین پر باقی رہنے کے حق کی حمایت کرتے ہوئے، مصر اور عرب دنیا کے غزہ کی تعمیر نو کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ پر جارحیت کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ الازہر نے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین پر باقی رہنے کے حق کی حمایت کرتے ہوئے، مصر اور عرب دنیا کے غزہ کی تعمیر نو کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ پر جارحیت کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

بدھ کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں، الازہر نے عالمی برادری کو متنبہ کیا کہ وہ فلسطین سے متعلق بیانات میں دانشمندی سے کام لے اور کوئی بھی فریق فلسطینی عوام پر ایسے غیر عملی منصوبے مسلط نہ کرے جو ان کے وجود اور حقوق کے منافی ہوں۔ الازہر نے عالمی سطح پر فلسطینیوں کے اس حق کی پاسداری پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پر آزاد ریاست کے ساتھ، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، زندگی گزار سکیں۔

الازہر نے عرب و مسلم دنیا کے رہنماؤں، آزاد انسانوں اور عالمی دانشوروں سے اپیل کی کہ وہ ان سازشوں کے خلاف کھڑے ہوں جو فلسطینی عوام کو جبراً ان کی سرزمین چھوڑنے پر مجبور کرنے کے لیے تیار کی جا رہی ہیں۔ ادارے نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری مظلوموں کی حمایت سے دستبردار ہو گئی تو دنیا عدم استحکام کا شکار ہو جائے گی، جہاں طاقتور کمزوروں کے حقوق پامال کریں گے۔

الازہر نے عالمی مذہبی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے دینی اثر و رسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے فلسطینی عوام کی حمایت کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ اس ظلم پر خاموشی اختیار کرنا خدا کے سامنے ایک سنگین ذمہ داری ہو گی، کیونکہ تمام مذاہب کا اولین فریضہ مظلوموں کا دفاع اور ان کی حفاظت ہے۔

بیان کے اختتام پر، الازہر نے واضح کیا کہ تمام ادیان فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کے کسی بھی اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔ دنیا کو قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کے تحت چلنا چاہیے، لیکن فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ ہمیں ماقبل تاریخ کے تاریک دور میں واپس لے جا رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha